مہمند: انٹرنیٹ میں تکنیکی خرابی سے دفتری امور ٹھپ
ضلع مہمند: ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی روزانہ تکنیکی خرابی سے دفتری امور میں مشکلات کا سامنا ہے، انتخابات کے ایام میں محکمہ کو ضلعی اور صوبائی سطح پر منسلک رہنا نہایت ضروری ہوتا ہے، تحصیل ناظم کی 50 ہزار اور کونسلرز ودیگر امیدواروں کی 5 ہزار روپے فیس نا قابل واپسی ہے، الیکشن فارم کے ساتھ تائید کنندہ اور تجویز کنندہ سمیت امیدوارں کی تصدیق شدہ شناختی کارڈ کاپی ہونے کے علاوہ امیدوار کا متعلقہ حلقے میں ووٹر لسٹ میں نام ہونا بھی ضروری ہے۔
ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کے فارم وصولی،خانہ پری اور جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں تحصیل ناظم کے امیدوار 50 ہزار اور کونسلرز کیلئے 5 ہزار روپے ناقابل واپسی فیس وصول کی جاتی ہے۔
بلدیاتی انتخابات کی جاری سرگرمیوں اور طریقہ کار پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران نے کہا کہ امیدواروں کو فارم نامزدگی کی مکمل خانہ پری، پاسپورٹ سائز تصویر، تجویز اور تائید کنندہ سمیت امیدواروں کے تصدیق شدہ شناختی کارڈز کی فوٹوسٹیٹ کاپی، مذکورہ افراد کی ووٹ سرٹیفکیٹ محکمہ سے حاصل کرنا یا 8300 پر میسج کرنا اور اس سے پرنٹ لینا بھی قابل قبول ہے اور اُس کو واپس الیکشن آفس میں جمع کرنا ہو گا، امیدوار کی متعلقہ حلقہ میں ووٹ رجسٹر ہونا اور بیان حلفیہ پر کرنا لازمی ہو گا جبکہ بینک فارم جمع کرنے میں امیدوار خود مختار ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ امیدوار کی عمر 21 سال سے زیادہ ہونی چاہئے مگر یوتھ کونسلر کی عمر 21 اور 30 سال کے درمیان درکار ہے۔