دیربالا میں سال نو کی پہلی برفباری، سردی میں اضافہ
دیربالا وادی کمراٹ میں سال نو کی پہلی برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی، برف نے وادی کے حسن کو چار چاند لگا دیئے۔ سیدگئی جھیل لواری ٹاپ اور ڈوگدرہ کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوٸی۔دیربالا کے خوبصورت اور سیاحتی وادی کمراٹ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوٸی جس کی وجہ سے ایک طرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوا تو ساتھ برفباری نے وادی کی حسن کو دوبالا کردیا۔
وادی کمراٹ میں سفیدی چھاگئی اور پہاڑوں نے بھی برف کے چادر اوڑھ لی تاہم برفباری سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شخص گل داد نے ٹی این این کو بتایا کہ برفباری سے موسم انتہاٸی سرد ہوا ہے اور لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے ہیں۔
طارق کریم نے بتایا کہ برفباری تھل کمراٹ تک ہوٸی جس کی وجہ سے درجہ حرارت انتہاٸی نیچے چلا گیا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اس طرح دیربالا کے سیدگٸ جھیل لواری ٹاپ میں بھی برفباری ہوئی جبکہ عشیری ڈوگدرہ اور کیر درہ کے پہاڑوں نے بھی برف کے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران قبائلی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا لیکن ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، چترال، اپر اور لوئر دیر، کوہستان اور بٹگرام میں بارش کا امکان ہے۔