پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے دی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی باولرز نے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز بنائے، پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 17.5 اوورز میں یہ ہدف پورا کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 100 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ریکارڈ اوپننگ شراکت قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا، بابراعظم نے 52 گیندوں پر 68 جبکہ محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 79 رنزسکور کئے۔
ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا، ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ مل کر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بنا سکے۔
کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔