ہنگو اور سوات میں طوفانی بارشیں، درجنوں دکانیں اور مکانات تباہ
ضلع ہنگو اور سوات میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی۔
اطلاعات کے مطابق تحصیل ٹل کے دورافتادہ علاقہ چھپری وزیران میں شدید بارش اور طوفان سے کئی مکانات گر جبکہ درجنوں درخت اکھڑ گئے، اس کے علاوہ سولر سسٹم بھی ہوا میں اڑ گئے اور اکثر مکانات کے شمسی سسٹم بھی خراب ہو گئے جس سے گھروں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔
اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں جبکہ طوفانی بارشوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مقامی آبادی کو کافی نقصان پہنچا ہے، چھپری وزیران روڈ جگہ جگہ پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار جبکہ کئی جگہوں پر بندھ ٹوٹنے سے گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق رات کی تاریکی میں ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کیں، ”ضلعی انتظامیہ سمیت صوبائی حکومت سے فوری طور پر تعاون کا مطالبہ کرتے ہیں۔”
سوات: 40دکانیں سیلابی ریلے کی نذر
دوسری جانب سوات میں شدید بارش و ژالہ باری نے تباہی مچا دی، برساتی نالوں میں طغیانی اور آسمانی بجلی گرنے سے ایک مسجد شہید، 2 گھر پانی میں بہہ گئے، درجنوں گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔
سوات میں گزشتہ رات بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے نکلنے سے شدید نقصانات ہوئے، بلوگرام میں کئی مکانات اور دکانیں زیر آب آ گئیں، لاکھوں روپوں کا سامان بہہ گیا، سیلابی ریلہ گھروں کے اندر داخل ہونے سے قیمتی اشیاء سمیت تین موٹر سائیکلیں، تین رکشے اور سوزوکی گاڑی پانی میں بہہ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے میں 40 دکانیں بہہ گئیں جس سے لوگوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا، شدید بارشوں سے ندی نالیوں میں طغیانی سے دریائے سوات کے بہائو میں بھی اضافہ ہوا ہے، سوات کے دیگر علاقوں میں بھی بارش نے تباہی مچائی ہے جبکہ طوفانی آندھی نے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔