انٹرٹینمنٹسیاستقومی

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

مشہور و معروف کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

مشہور و معروف لیجنڈری کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کر گئے، چند روز قبل عمر شریف علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے براستہ جرمنی امریکا کے لئے روانہ ہوئے تھے تاہم راستے میں طبیعت خراب ہونے پر اداکار کو جرمنی کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ خاندانی ذرائع نے عمر شریف کے جرمنی کے اسپتال میں انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کا آج صبح جرمنی کے oسپتال میں ڈائلاسز ہوا تھا۔

امریکا منتقلی نا ہو سکی

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جانا تھا جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگ‘  کے ذریعے علاج کیا جانا تھا، اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔

چند ہفتے قبل عمر شریف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے علاج میں مدد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ بہتر علاج کے لیے مجھے باہر ملک جانا چاہیے، ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکا میں ہو سکتا ہے۔

عمر شریف کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد معروف اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے کامیڈین کا علاج کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں طارق شہاب نے واشنگٹن میں علاج معالجے کے تمام انتظامات بھی مکمل کر لیے تھے اور وہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں تھے۔

سیاسی شخصیات کی تعزیت:

ملک کی سیاسی شخصیات بھی عمر شریف کے انتقال پر افسردہ ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ رونے والوں کو ہنسانے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہو گیا، عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، مرحوم نے پاکستان میں فنِ مزاح کو نئی جہت بخشی، دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

 اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمر شریف کی وفات پر  گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے، انہوں نے کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لیجنڈ کامیڈین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف نے ساری زندگی لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں، بیرونِ ملک بھی عمر شریف نے اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا، عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی غمگین اور دکھی ہے، فخرِ پاکستان عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔

دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کو اداس کر کے چلا گیا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لیجنڈ اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کو اداس کر کے چلاگیا، عمر شریف کا نام اپنے فن سے ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔

پاکستان آج ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گیا

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عمر شریف کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ لیجنڈ فنکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس ہے، پاکستان آج ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گیا، عمر شریف کے صاحبزادے جواد سے ٹیلی فون پر تعزیت کی ہے۔

عمر شریف عظیم اداکار تھے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف عظیم اداکار تھے، فن مزاح میں ان کی خدمات پوری دنیا میں یاد رکھی جائیں گی۔

عمر شریف کا خلا پر نہیں ہو سکتا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عمر شریف پاکستان کا اثاثہ تھے، انہوں نے ہمیشہ قہقے بکھیرے، انہوں نے پاکستان کی خدمت کی ہے، ان کے انتقال پر ساری قوم افسردہ ہے، عمر شریف کا خلا پر نہیں ہو سکتا۔

شوبز انڈسٹری افسردہ

علاوہ ازیں کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر اسٹارز بھی غمزدہ ہیں اور دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔

عارضہ قلب، گردوں اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا کامیڈی کی بے تاج بادشاہ عمر شریف آج جرمنی میں علاج کے دوران انتقال کر گئے۔ اداکار کے انتقال کے بعد کامیڈی کی دنیا کا ایک عہد تمام ہو گیا۔ اداکار کے انتقال پر سب ہی افسردہ ہیں۔

گلوکار ابرارالحق نے کہا کہ ہمیں ہنسانے والا آج رلا کر چلا گیا۔ عمر شریف کی حب الوطنی اور انسان دوستی کو نہیں بھلایا جا سکتا۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا کہ دکھ کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ہیں، خدا عمرشریف کو جنت میں جگہ دے۔

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ آپ نے ہمیں بہت ہنسایا اور اب ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ ہم سب بہت افسردہ ہیں۔ فیصل قریشی نے کہا کہ عمرشریف کے انتقال کی خبر سن کر غمگین ہوں۔ وہ انڈسٹری کے حقیقی اداکار تھے۔ خدا انہیں جنت نصیب کرے۔

بھارت کے معروف ٹی وی شو ’دی کپل شرما شو‘ کے میزبان کپل شرما نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ الوداع لیجنڈ، آپ کی روح کو سکون ملے۔ معروف نیوز اینکر وسیم بادامی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمر بھائی اب ہم میں نہیں رہے۔

مداح بھی افسردہ

اپنی پرفارمنس سے کروڑوں لوگوں کو ہنسانے والے عمر شریف کے انتقال کے بعد ان کے مداح سوشل میڈیا پر عمر شریف کی وڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔

بکرا قسطوں پر، بڈھا گھر پر ہے اور یس سر عید، نو سر عید‘ جیسے معروف اسٹیج ڈراموں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے عمر شریف اب اس دنیا میں نہیں رہے، اس موقع پر بھی ان کے مداح عمر شریف کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ان کی وڈیو شیئر کر رہے ہیں۔

دانیال خان نامی ٹوئٹر ہینڈلر نے عمر شریف کی ایک وڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ایک قوال کا روپ دھارے ہوئے ہیں۔ عمر شریف نے اپنی بیماری کے دوران ایکسپریس انٹرٹیمنٹ کے ایک پروگرام میں بھی شرکت کی تھی، اس پروگرام کی بھی وڈیو شیئر کی گئی ہے۔

انس حفیظ نامی ٹوئٹر ہینڈلر سے عمر شریف کے ایک انٹرویو کی وڈیو کلپ شہیر کی گئی ہے جس میں وہ اپنے پسندیدہ شعر سنا رہے ہیں۔ انس حفیظ نامی ٹوئٹر ہینڈلر سے عمر شریف کے ایک انٹرویو کی وڈیو کلپ شہیر کی گئی ہے جس میں وہ اپنے پسندیدہ شعر سنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے، وہ 19 اپریل 1955 کو لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button