نوشہرہ: 11 ماہ کا مغوی بچہ 48 گھنٹوں میں بازیاب، ملزمہ گرفتار
نوشہرہ: رسالپور پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 11 ماہ کے مغوی بچے کو 48 گھنٹے کے اندر اندر بازیاب جبکہ بچے کی اغوائیگی میں ملوث ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
رسالپور پولیس کے مطابق دو روز قبل ساجد ساکن رشکئی نے رپورٹ درج کرائی کہ میری والدہ فوت ہو چکی تھیں، ان کی تدفین کر کے واپس آئے تو میرا 11 ماہ کا بیٹا طلحہ غائب تھا، پڑوسیوں کے ہاں بھی دیکھا لیکن کہیں نہیں ملا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال نے بچے کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے SP انوسٹی گیشن خان خیل خان کی سربراہی میں ASP کینٹ وقاص رفیق، بلال حلیم SHO رسالپور اور شاہ جہان خان SI پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی اور ملزمان کی گرفتاری اور بچے کی صحیح سلامت برآمدگی کا ٹاسک حوالہ کیا۔
ٹیم نے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے بچے کی گمشدگی اور دیکھنے کی صورت میں پولیس سے رابطہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر تشہیر کی، فوتگی میں آئے ہوئے افراد کی چھان بین کی گئی، مختصر وقت میں تفتیشی ٹیم نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملزمان تک رسائی حاصل کی اور ملزمہ شہناز زوجہ اختر زیب ساکن نوشہرہ کلاں کو گرفتار کر لیا۔
ملزمہ کے مطابق سب تدفین کے بندوبست میں لگے تھے، بچہ سو رہا تھا، موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے بچے کو اُٹھا کر لے گئی۔ بچے کے والدین اور اہل علاقہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور ڈھیر ساری دُعائیں دیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی 14 تاریخ کو بھی مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال سے ایک نومولود بچہ اغوا کر لیا گیا تھا، بعدازاں بچہ بازیاب جبکہ بچے کے اغواء کے الزام میں صوابی سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹی کو پولیس نے گرفتار کیا گیا تھا۔