جرائم

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کر کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر صفی اللہ کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا جس میں ٹی ٹی پی کمانڈر صفی اللہ مارا گیا، آپریشن میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد صفی اللہ کا تعلق میر علی سے تھا، دہشتگرد فروری میں غیر سرکاری تنظیم کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث تھا، اس کے علاوہ دہشتگرد 2020 میں ایف ڈبلیو او  کے انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق صفی اللہ سکیورٹی فورسز پر آئی ای ڈی حملوں اور منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل 15 ستمبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اس طرح گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دوسلی میں کلیئرنس آپریشن کر رہی تھیں کہ آئی ای ڈی پھٹ گیا۔

22 اگست کو بلوچستان کے ضلع زیارت میں لیویز اہلکاروں کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے تین لیویز اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

18 اگست کو جنوبی وزیرستان میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک نائب صوبیدار شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کنی گرام میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی جس پر پاک فوج نے کارروائی کی جس کے دوران شدت پسندوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button