افغانستان کی خواتین فٹبال ٹیم کے کھلاڑی اپنے خاندانوں کے ہمراہ طورخم پہنچ گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر اکبرافتخار کے مطابق خواتین کھلاڑی خاندانوں سمیت پاکستانی حدود میں داخل ہوگئی، خواتین ٹیم کو وصول کرنےکےلئے پاکستان فٹبال فیڈریشن کانمائندہ طورخم پہنچ گیا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے بتایا کہ افغان ٹیم کو خاندانوں سمیت سخت سیکورٹی حصار میں پشاور بھیجاجائے گا، خواتین ٹیم خاندان سمیت 115 ارکان پر مشتمل ہے۔
حکومت پاکستان نے انہیں طالبان کے قبضے کے بعد اپنے ملک سے انخلا کے لیے ویزے جاری کیے تھے۔ قومی جونیئر ٹیم کی نمائندگی کرنے والی ان فٹبالرز کو کھیل سے وابستگی کی وجہ سے طالبان کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔
افغان خواتین فٹبالرز پشاور سے لاہور جائیں گی جہاں انہیں پی ایف ایف ہیڈکوارٹرز میں ٹھہرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کی جانب سے خواتین سپورٹس پر پابندی کے بعد خواتین ٹیم مایوس ہوکر پاکستان پہنچی ہے۔