قومی

سی این جی کی قیمت میں 28 روپے فی کلو اضافے کا امکان

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے برعکس سی این جی کی قیمت میں ہوشرباء اضافہ، مہنگی ایل این جی خریدنے کے باوجود سی این جی سیکٹر پر ٹیکس بڑھائے دیئے گئے ہیں جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار سی این جی پٹرول سے زیادہ مہنگی ہو جائے گی اور یہ کاروبار بند ہو جائے گا، جس طرح ایل این جی کی خریداری کی جا رہی ہے اس سے اکتوبر اور نومبر میں گیس مزید مہنگی ہو جائے گی۔

غیاث پراچہ نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں تقریباً 18 روپے لیٹر اور سندھ میں تقریباً 28 روپے کلو تک اضافہ متوقع ہے جس سے کنزیومر اس کی خریداری بند کر دیں گے اور یہ صنعت دیوالیہ ہو جائے گی اور اس سے وابستہ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے، روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ایل این جی پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور اگر حکومت نے سی این جی کی قیمتوں کے حوالے سے فوری فیصلہ نہ کیا تو اوگرا کی جانب سے قیمت میں اضافہ کے نوٹیفیکیشن کے بعد پنجاب میں سی این جی کی قیمت تقریباً 125 روپے لیٹر اور سندھ میں تقریباً 192 روپے لیٹر تک پہنچ سکتی ہے جو کہ نا صرف سی این جی انڈسٹری کے لئے تباہی کا سبب بنے گا بلکہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے وفد نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کر کے ان سے درخواست کی ہے کہ سی این جی کی قیمت پٹرول سے مہنگی ہو جانے پر پنجاب اور سندھ میں سی این جی اسٹیشنز مکمل طور پر بند ہو جائیں گے، 450 ارب روپے کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے اس لئے ہمارے مسائل پر توجہ دی جائے، دیگر شعبوں کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے جس سے حکومت پر بوجھ چار گنا بڑھ گیا ہے اور سی این جی مہنگی کرنا عوام سے زیادتی ہے، پٹرول پر لیوی کو صفر کر دیا گیا ہے، سیلز ٹیکس کو بھی کم کر دیا گیا ہے، ایل پی جی پر بھی ٹیکس کم کر دیئے گئے ہیں مگر سی این جی پر ٹیکس بڑھا دیئے گئے ہیں جو عجیب منطق ہے، مہنگی سی این جی سے ٹرانسپورٹ کے کرائے میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا جس سے ہر چیز مہنگی ہو جائے گی اور عام آدمی پر بوجھ بڑھ جائے گا۔

غیاث پراچہ نے کہا کہ اگر حکومت نے اس مہنگائی کے طوفان کو روکنا ہے تو قیمتوں میں ناقابلِ برداشت اضافے کے تدارک کے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، اس سلسلے میں سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے اجلاس جاری ہیں اور موجودہ صورت حال پر غور کیا جا رہا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button