”انضمام کے وقت کئے گئے وعدے ایفا کئے جائیں”
مہمند سیاسی اتحاد کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نئی کابینہ منتخب کی گئی، زرخان صافی صدر جبکہ جہانزیب مومند کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔
ان کے علاوہ فضل ہادی کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری، عظمت خان سینئر نائب صدر، مولانا محمد عارف حقانی نائب صدر اول، محمد سعید خان نائب صدر دوم، ملک مصطفی مہمند نائب صدر سوم،محمد اسلام صافی جائنٹ سیکرٹری، ہدایت مہمند پریس سیکرٹری جبکہ کاشف خان فنانس سیکرٹری متفقہ طور پر منتخب کئے گئے۔
اجلاس کے بعد جاری ایک متفقہ بیان میں اتحاد کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ زیرتعمیر کڑپہ روڈ پر کام تیز کرنے، روزانہ کی بنیاد پر پانی کے چھڑکاؤ اور ٹریفک کی روانی کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔
کابینہ نے اعلیٰ حکام سے انضمام کے وقت کے گئے وعدوں کو ایفا کرنے اور این ایف سی ایوارڈ میں تین فیصدحصے کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
کابینہ نے مہمند ڈیم سے ضلع مہمند کے لیے 50 میگاواٹ فری بجلی فراہمی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل قانون اور 18ویں آئینی ترمیم میں بھی اس کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پشاور ٹو باجوڑ روڈ پر ٹریفک اہلکاروں کو فعال بنایا جائے تاکہ آئے روز ٹریفک حادثات پر قابو پایا جا سکے۔