خیبر پختونخواصحت

خیبرپختونخوا میں کورونا سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق

خیبرپختونخوا میں کورونا نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے۔ سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر خیبر ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ظاہر شاہ کورونا سے انتقال کرگئے ہیں۔ ڈاکٹر ظاہر شاہ خیبر میڈیکل کالج پشاور سے کمیونٹی میڈیسن سے ریٹائرڈ پروفیسر تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ حیات اباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے کورونا وارڈ میں گزشتہ چند روز سے زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز سے ان کی حالت تشویشناک تھی اور وہ جمعرات کی صبح خالق حقیقی سے جا ملے۔

پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا سے جاں بحق ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ملازمین کی تعداد 108 ہو گئی ہے، جن میں 70 ڈاکٹرز شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز میں سے چند ہی کو شہدا پیکیج مل سکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 85 افراد انتقال کر گئے اور 4553 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 61 ہزار 446 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4553 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 85 افراد انتقال کر گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.4 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 305 ہو گئی اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 40 ہزار  411 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3413 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 22 ہزار 847 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 92244 ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button