کرم میں جائیداد کے تنازعے پر دو فریقین کے درمیان تصادم، 6 افراد جاں بحق
ضلع کرم میں جائیداد کے تنازعے پر دو فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق گیارہ زخمی ہوگئے.
پولیس ذرائع کے مطابق لوئر کرم میں علاقہ مہورہ کے قریب شیر جان کلے اور سابق کلے کے قبائل کے مابین طویل عرصے سے جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا تھا اور آج صبح فریقین کے درمیان آمنا سامنا ہونے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں فریقین سے چھ افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں فریقین کے تین تین افراد شامل ہیں زخمیوں کو پاڑاچنار ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد پہنچائی جارہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال پاڑا چنار کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر ممتاز حسین کے مطابق تین زخمیوں کی حالت نازک ہے ڈی پی او ضلع کرم طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس کے دستے علاقے میں پہنچ گئے ہیں اور واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔