شمالی وزیرستان: مارکیٹ مالکان کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج
شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل میں مارکیٹ مالکان نے میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دتہ خیل بازار کے دکانداروں کو اپریشن ضرب عضب کے دوران پہنچنے والے نقصانات کے معاوضے دیئے جائے۔
پیر کے روز مظاہرین کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ان کے اربوں روپوں کا نقصان ہوا ہے جبکہ حکومت نے ان کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے کسی قسم کا اقدام نہیں کیا ہے۔ مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے مین روڈ پر خیمے لگا کر احتجاج شروع کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات کو نہ مانا گیا تو وہ غیر معینہ مدت تک اپنا احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دتہ خیل بازار کے تاجر رہنماء گلوپ خان نے کہا کہ ہم نے مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرکے اپنی فریاد ان تک پہنچانے کی کوشش کی تاہم ہمارے مطالبات پر کسی نے کان نہیں دھرا جس کے بعد ہم مجبور ہو کر احتجاج کے راستے پر نکل ائے ہیں۔
ایک اور تاجر رہنماء ملک مشتاق خان نے کہا کہ ہمارے احتجاج کا دائرہ کار پشاور اور اسلام اباد تک بھی پہنچ سکتا ہے اس لئے حکومت کو چاہئے کہ ہمیں بروقت اپنے نقصانات کے معاوضے دیئے جائیں تاکہ ہم دوبارہ اپنے اپنے کاروبار کو شروع کرسکے۔