کابل ایئرپورٹ پر لوگوں کا رش، مبینہ فائرنگ سے 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات
طالبان کی جانب سے افغانستان کے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کابل ایئر پورٹ پر لوگوں کا رش بڑھنے سے افراتفری پیدا ہوگئی ہے۔ ایئرپورٹ پر مبینہ فائرنگ سے کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل ائیر پورٹ پر فائرنگ کا واقع پیش آیا ہے، جس کے نیتجے میں 5 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بی بی سی کے مطابق افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند افراد کا ہجوم کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر چڑھ دوڑا جنھیں منتشر کرنے کے لیے امریکی فوجیوں نے ہوائی فائرنگ کی۔ اس افراتفری میں پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ ہوائی اڈے کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ لوگوں کا ہجوم بےقابو ہو رہا تھا اور وہ رن وے پر بھاگ رہے تھے جبکہ ملٹری پروازوں میں افغان عوام کو چڑھنے سے روکنے کیلئے فائرنگ کردی گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق کابل ایئرپورٹ کو اب عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ملٹری پروازیں سفارتی عملے اور غیر ملکی اسٹاف کیلئے ہیں۔