ڈینز ٹریڈ سنٹر پشاور کھل گیا مگر کن شرائط پر؟
بجلی کے تنازعہ پر پیش آںے والے افسوسناک واقعہ کے باعث 15 دن کی بندش کے بعد ڈینز ٹریڈ سنٹر کو بالآخر مذاکرات کامیاب ہونے پر کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ واقعہ کے بعد صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن رجسٹرڈ بانی حاجی شرف الدین صافی، شوریٰ کمیٹی سربراہ ملک حاجی اسرائیل صافی اور جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی بانی حبیب اللہ صافی اور مہمند قوم کے ملک حاجی سلطان، ملک طاہر اکبر اور حاجی فضل مولا کی قیادت میں ڈینز ٹریڈ سنٹر کو احتجاجاً بند کیا تھا۔
صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد باقاعدہ طور پر ڈینز ٹریڈ سنٹر کو کھولنے کا اعلان کیا گیا، ڈپٹی کمشنر پشاور، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام ، ڈی ایس پی کینٹ احسان شاہ اور صافی و مہمند قوم کی 16 رکنی کمیٹی مذاکرات کا حصہ تھے۔
اس موقع پر صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن رجسٹرڈ کے عہدیداران، سینئر رہنماء، سرگرم کارکنان و مہمند قوم کے عمائدین، تاجر برادری، تمام دکاندار اور دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر پشاور ڈاکٹر احتشام نے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے خود ان کا اعلان کیا، جن میں مندرجہ ذیل نکات شامل ہیں:
(1) سال 2003 سے دکانداروں سے رجسٹری کی بابت کئے گئے وعدوں کی جلد تکمیل
(2) واپڈا میٹرز ہر یونٹ/ دکان پر لگانا
(3) ڈینز ٹریڈ سنٹر میں جو مالکان شہداء کے قتل میں ایف آئی آر میں نامزد ہیں، ان کی پراپرٹی مکمل بند ہو گی، میگا مارٹ، ملک ایکسچینج، شیراز ہوٹل، منیجمنٹ آفس مکمل بند ہو گا اور اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر پشاور کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کو لیٹر لکھا جائے گا، بعدازاں جو پراپرٹی مذکورہ مالکان کی سامنے آئے گی تو وہ پراپرٹی بھی فوری طور پر بند کر دی جائے گی
(4) ڈینز ٹریڈ سنٹر میں موٹر سائیکل و کار پارکنگ دکانداروں کی سہولت کیلئے فری پاسز جاری ہوں گے اور مسئلے کے حل تک عام عوام کیلئے پارکنگ بالکل فری ہو گی
(5) ڈینز ٹریڈ سنٹر کی سیکیورٹی متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کر دی جائے گی اور باقاعدہ طور پر پولیس گارت لگائی جائے گی
(6) ڈینز ٹریڈ سنٹر کے مین گیٹ اِن گیٹ پر خیراللہ مہمند شہید اور آؤٹ گیٹ پر عنایت اللہ صافی شہید کے نام لکھے اور پڑھے جائیں، گے اس بابت بھی اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام کی جانب سے ایک مخصوص لیٹر کنٹونمنٹ بورڈ کو لکھا جائے گا۔
اس موقع پر بانی حاجی شرف الدین صافی اور شہید عنایت اللہ صافی کے بھائی حبیب اللہ صافی نے تمام مہمانوں، تاجر تنظیموں سمیت دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والوں اور خصوصاً ڈینز ٹریڈ سنٹر کے دکانداران کا بے حد شکریہ ادا کیا جنہوں نے مسلسل 15 دن اپنے کاروبار کو بند رکھا۔