ڈیرہ: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 3 کسٹم اہلکار جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ درابن روڈ پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 کسٹم اہلکار جاں بحق ہو گئے، دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب، ڈی پی او ڈیرہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دوسری جانب ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جاں بحق اہلکاروں کی میتوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
زرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ڈیرہ درابن روڈ پر کلاچی موڑ کے قریب پاکستان کسٹم کی موبائل ٹیم پر اس وقت فائرنگ کر دی جب کسٹم اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کسٹم اہلکار فاروق جان ولد سخی جان سکنہ شادی خیل ضلع ٹانک اور فہد بشیر ولد بصیرالدین سکنہ کرک موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ وقاص خان نامی اہلکار شدید زخمی ہو گیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔