پشاور سے لاپتہ 2 کم عمر بہنوں کے اغواء کئے جانے کا انکشاف
پشاور کے علاقہ شاہ پور سے لاپتہ ہونے والی 2 کم عمر افغان بہنوں کو شادی کی غرض سے ورغلا پھسلا کر اغواء کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے انکوائری کے بعد خاتون سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار جبکہ لڑکیوں کی بازیابی کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تھانہ شاہ پور پولیس کے مطابق چند روز قبل عبد الکریم ولد رحیم خان ساکن افغانستان حال دوران پور نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ اس کی 2 بیٹیاں 15 سالہ سلمہ اور 13 سالہ عائشہ پراسرار طور پر گھر سے لاپتہ ہو گئی ہیں جنہیں ہر ممکن جگہ تلاش کیا لیکن کوئی معلومات حاصل نہیں ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا روزنامچہ رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی تھی جس کے دوران معلوم ہوا کہ سلمہ اور عائشہ کو قیوم ولد سید عمر، حکم خان، وارث، مسماة زرمینہ زوجہ حکم خان ساکنان افغانستان حال دوران پور اور شاہ یان ولد سرفراز ساکن عمار کالونی نے اغواء کیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم قیوم ولد سید عمر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری اور مغوی بہنوں کی بازیابی کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں جلد ہی دیگر ملزمان بھی گرفتار کر لئے جائیں گے۔