قومی

پٹرول کی قیمت میں مزید ایک روپے 71 پیسے کا اضافہ

وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں مزید ایک روپے 71 پیسے کا اضافہ کر دیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ اوگرا کی سفارش پر پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔

پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت فی لیٹر 119 روپے 80 پیسے ہو گی اور کیروسین آئل کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا جبکہ ڈیزل، اور مٹی کے تیل کی قیمت بدستور بالترتیب 116 روپے 53 پیسے اور 84 روپے 67 پیسے رہے گی۔

شہباز گل نے کہا کہ 26 جولائی کے ڈیٹا کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے، دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر لیکن پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے اور دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن 27 ممالک میں قیمتیں پاکستان سے کم ہیں ان میں سے زیادہ تر ممالک اپنی پیٹرولیم مصنوعات میں خود کفیل ہیں۔ وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ ان قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 40 پیسے تک کا اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 118.09 روپے ہو گئی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button