قومی

کورونا کی چوتھی لہر میں شدت، 24 گھنٹوں میں مزید 86 اموات

ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وباء کورونا وائرس سے 86 افراد انتقال کر گئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 58 ہزار 203 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4537 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 1,024,861 ہو گئی ہے جن میں سے 938,843 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز اس وبا نے مزید 86 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 295 ہو گئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

کورونا کی چوتھی لہر پاکستان سمیت 15 ممالک میں پھیل چکی

عالمی ادارہ صحت نے مراکش سے لے کر پاکستان تک 15 ممالک میں کورونا وباء کی چوتھی لہر کے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ تشویش کی بات یہ ہے کہ کرونا کی چوتھی لہر مغرب، مشرق وسطی، افریقا اور ایشیاء جیسے خطوں میں پھیل رہی ہے جہاں ابھی تک وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن کا خاطر خواہ انتظام نہیں کیا گیا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا کی ڈیلٹا کی شکل پہلے بھارت سامنے آئی تھی جو اب مشرقی بحیرہ روم کے خطے کے 15 ممالک میں پھیل چکی ہے۔

مشرقی بحیرہ روم کا خطہ مراکش سے لے کر پاکستان تک صومالیہ اور سعودی عرب تک وسیع و عریض رقبہ پر محیط ہے اور اس میں فلسطینی علاقوں کے علاوہ 21 دیگر ممالک بھی شامل ہیں اور اس خطے کی آبادی تقریباً 68 کروڑ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈیلٹا کی تبدیل شدہ کرونا کی نئی شکل مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں بڑھتی ہوئی تعداد میں کوویڈ 19 انفیکشن اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

بیان میں مشرقی بحیرہ روم کے ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المنظری کے حوالے سے بتایا گیا کہ نئے کیسز ان افراد کے ہیں جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button