لاپتہ افراد کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی۔ صحبت آفریدی
قبائل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء صحبت آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ حق سے نہیں، ملکی اداروں میں پیکجز سے ممکن ہے، قبائل پرامن و محب وطن پاکستانی ہیں، لاپتہ افراد کے خاندانوں کے دکھہ درد میں برابر شریک ہیں۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قبائل عوامی پارٹی کے مشران نے پاکستانی حکمرانوں و ذمہ داروں تک لاپتہ افراد کےخاندانوں کی فریاد بروقت پہنچا دی ہے اور انشاءاللہ جلد ہی مزید لاپتہ افراد کی رہائی کی خوشخبری غمزدہ خاندانوں تک پہنچ جائے گی۔
صحبت آفریدی کے مطابق قبائلی اضلاع میں شرح خواندگی نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے حکومت ضم اضلاع کے نوجوانوں کو پیکجز کے ذریعے ملکی اداروں میں شامل کر کے ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے۔
اس موقع پر عبدالرزاق آفریدی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، ضم اضلاع کے بنیادی مسائل کے حل پر کام کر رہے ہیں، قبائلی اضلاع میں امن شعور بیدار ہونے سے ممکن ہے جس کے لیے تعلیم کی شرح بڑھانا ہو گی، نوجوان نسل کی سوچ مثبت سرگرمیوں کی طرف مبذول ہونا شروع ہو گئی ہے جو کہ ایک بہتر معاشرے کی ضمانت ہے۔