شہنشاہ جذبات لیجنڈ اداکار دلیپ کمار انتقال کرگئے
برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار انتقال کرگئے۔ دلیپ کمار کے اہلخانہ کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 98 سالہ دلیپ کمار کو گزشتہ دنوں سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئے۔ دلیپ کمار کے ڈاکٹر جلیل پالکر کے مطابق اداکار نے بدھ کو اپنی آخری سانسیں بھارتی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ پر لیں۔
دلیپ کمار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دی گئی ہےکہ ان کی تدفین ممبئی کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔
دلیپ کمار کے نام سے مشہوریوسف خان1922 کو پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی گھر آج بھی پشاور میں موجود ہے جسے صوبائی حکومت نے قومی ورثہ قرار دے کر عجائب گھر میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہنشاہ جذبات کا لقب پانے والے دلیپ کمارکو انڈین فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جب کہ انہیں پاکستانی حکومت کی طرف سے 1998 میں نشان پاکستان سے نوازا گیا۔ دلیپ کمار 1940 سے 1960 کی دہائی میں بھارتی سینما پر چھا ئے رہے، انہوں نے 65 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کی مشہور فلموں میں دیوداس، سنگ دل، امر، آن، انداز، نیادور، کرما اور مغل اعظم شامل ہیں۔