انٹرٹینمنٹمتفرق

پہلی ملاقات ہی میں کلوئی کو جیمز سے پیار ہو گیا

شادی شدہ جوڑوں میں عموماً شوہر اور بیوی کا قد ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ کبھی بیوی زیادہ لمبی ہوتی ہے تو کبھی شوہر کا قد زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے باوجود، میاں بیوی کے قد میں اب تک بہت زیادہ فرق مشاہدے میں نہیں آیا تاہم  برطانوی نژاد جیمز اور کلوئی لسٹڈ نے حال ہی میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا ہے جس کے مطابق ان میاں بیوی کے قد میں سب سے زیادہ فرق ہے جو تقریباً دو فٹ بنتا ہے۔

33 سالہ جیمز لسٹڈ کا قد 3 فٹ 7 انچ ہے جبکہ ان کی بیوی، 27 سالہ کلوئی کی اونچائی 5 فٹ 5 انچ ہے۔ یعنی ان دونوں میں قد کا فرق 1 فٹ 10 انچ ہے۔

آج ان کی شادی کو 5 سال ہو چکے ہیں جبکہ ان کی ایک بیٹی ’’اولیویا‘‘ بھی ہے جسے یہ دونوں بے حد پیار کرتے ہیں، جیمز ایک برطانوی اداکار اور ٹیلی ویژن چینل پر میزبان ہیں جبکہ وہ ’’تھری فٹ سیون‘‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی چلا رہے ہیں جہاں چھوٹی جسامت والے لوگوں کےلیے ٹی شرٹس فروخت کی جاتی ہیں۔ کلوئی ایک سکول ٹیچر ہیں۔

2012 میں انہیں اپنے علاقے میں اولمپک مشعل تھام کر دوڑنے کا موقع ملا جسے پوری دنیا میں دیکھا گیا۔ اس کے بعد کچھ دوستوں نے ان کا تعارف کلوئی سے کروایا جو اس وقت صرف اٹھارہ سال کی تھیں۔

ایک جینیاتی بیماری کی وجہ سے جیمز کا قد چھوٹا رہ گیا لیکن انہوں نے اپنے چھوٹے قد کو اپنے لیے مجبوری بننے نہیں دیا۔ البتہ، ان کا خیال تھا کہ وہ اپنے قد کی وجہ سے شاید ہی کبھی شادی کر پائیں گے۔

حیرت انگیز طور پر، پہلی ملاقات ہی میں کلوئی کو جیمز سے پیار ہو گیا اور بالآخر 2016 میں دونوں نے شادی کر لی۔

یہ دونوں آج بھی برطانیہ کی ویلز کاؤنٹی میں اپنی بیٹی اولیویا کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی ’’میاں بیوی میں قد کے سب سے زیادہ فرق‘‘ کا عالمی ریکارڈ ان دونوں کے نام کر دیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button