شاہد آفریدی کا کرم سے فلاحی کاموں کے آغاز کا اعلان
مشہور کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کا آغاز جلد قبائلی اضلاع سے بھی کریں گے اور عنقریب وہ ضلع کرم کا دورہ کریں گے۔
سرینا ہوٹل اسلام آباد میں سماجی رہنما ابرار جان طوری کی قیادت میں ضلع کرم کے قبائلی عمائدین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی، سی ای او شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ظفر ملک کا کہنا تھا کہ پسماندہ قبائلی اضلاع میں صحت اور دیگر شعبوں میں سرگرمیوں کے آغاز سے انہیں خوشی ہو گی اور فاؤنڈیشن کی خواہش ہے کہ وہ زیادہ علاقوں اور ممالک میں انسانیت کی خدمت کرے اور ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع تک اپنا دائرہ کار بڑھائیں۔
وفد میں پارلیمنٹرینز کے نمائندے ارشاد بنگش، نظیر احمد، امجد بنگش، سول سوسائٹی کے چیئرمین ملک محمود علی جان، رفعت جان طوری ایڈوکیٹ، اکبر جان طوری، ایف آر ڈی ہیلویتاس کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن حامد حسین اور کرم پریس کلب پاراچنار کے چیئرمین علی افضل افضال بھی شامل تھے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ جلد ضلع کرم کا دورہ کریں گے اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ہسپتال کا دورہ کر کے ایم آر آئی، سٹی سکین اور ڈائلیسیز مشینوں کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات اٹھائیں گے۔
اس سے قبل ابرار جان طوری اور دیگر عمائدین نے شاہد آفریدی کو ضلع کرم کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور انہیں ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع کے مسائل سے آگاہ کیا تھا۔