جانی خیل واقعے پر وزیراعلیٰ سے بات کی جائے گی: چیئرمین سینٹ
سینٹ میں جانی خیل میں پیش آنے وا لے واقعہ میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹر مشتاق احمد نے کہاکہ جانی خیل میں پیش آنے والے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ لواحقین کئی دنوں سے لاشوں کیساتھ دھرنے پر بیٹھے تھے مگر کوئی حکومتی شخص ان کے پاس نہیں گیا،جب انہوں نے اسلام آباد کی طرف مارچ کیا تو ان پر لاٹھی چارج کیا گیا،ریاست تو ماں جیسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جانی خیل قبائل کے معاملے کو سنجیدہ لیا جائے۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ اس معاملے پر وزیراعلی سے بات کی جائے گی۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز بنوں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے والے جانی خیل قبیلے کے افراد پر پولیس کی شیلنگ اور تشدد سے تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ بنوں میں قبائلی رہنما ملک نصیب کو 30 مئی کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا ۔پوسٹ مارٹم کے بعد مقامی لوگوں اور رشتے داروں نے تدفین کے بجائے لاش سمیت دھرنا دیا تھا لیکن دھرنے کو 24 دن گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے ان کے مطالبات نہ مانے جانے پر انہوں بدھ کے روز اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کیا تھا۔