ملاکنڈ، مدرسہ کے 6 بچے پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے
سید زمان صبا سے
ملاکنڈ کی تحصیل تھانہ بائزئی کے نواحی علاقے ”نل“ سے مدرسہ کے چھ بچے پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے، کافی تلا ش کے باوجود بچوں کا سُراغ نہ مل سکا متاثرہ خاندانوں میں غم کا سماں ہے، لیویز پوسٹ تھانہ نے رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
زرائع کے مطابق ملاکنڈ کی تحصیل تھانہ بائزئی کے نواحی علاقے ”نل“ سے دو بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے چھ بچے لنڈاکی مدرسہ میں علم حاصل کرنے کی غرض سے گئے تاہم وہ پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے، مدرسہ حکام کی جانب سے بھی گھر والوں کو کال آئی کہ بچے تاحال مدرسہ نہیں پہنچے جس کے بعد متاثرہ خاندانوں نے لیویز پوسٹ تھانہ میں رپورٹ درج کروائی اور بچوں کی تلاش شروع کر دی تاہم بچوں کا سراغ نہ مل سکا۔
لاپتہ بچوں میں احمد باچا، عبدالصمد باچا پسران محمد ادریس باچا، ظہور رحمان ولد عطا الرحمن، علی رحمان ولد طاہر رحمان اور خائستہ رحمان ولد نیاز رحمان شامل ہیں جن کی عمریں دس سے تیرہ سال کے درمیان ہیں۔
متاثرہ خاندان کے محمد ادریس باچا اورمیاں عزیزاللہ باچا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچے لاپتہ ہونے کے بعد ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے لہٰذا بچوں کی تلاش کیلئے حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے تاکہ ہماری بے چینی دور ہو سکے۔