زبردستی بجلی بحال کرنے پر رکن صوبائی اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج
پشاور، گرڈ سٹیشن میں گھس کر زبردستی بجلی بحال کرنے پر تحریک انصاف رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل الہی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
پیسکو حکام کی درخواست پر تھانہ رحمان بابا میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ایک روز قبل ایم پی اے فضل الہی نے رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا تھا اور زبردستی کمرشل فیڈر کی بجلی ڈومیسٹک فیڈر پر منتقل کر دی تھی۔
ایف آئی آر میں فضل الہی کے بعض دیگر ساتھی بھی نامزد کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے لوڈشیڈنگ کے دوران رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کرنے کے بعد شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام واپڈا اہلکاروں کو بجلی لوڈشیڈنگ کرنے پر گریبان سے پکڑیں۔ اور مزید کہا کہ اگر آئندہ بجلی لوڈ شیڈنگ کی گئی تو وہ زمیندار بندے ہیں، بھوسہ ساتھ رکھتے ہیں اور بجلی لوڈشیڈنگ پر واپڈا اہلکاروں کے سامنے بھوسہ جلائیں گے۔