پرامن افغانستان کا مطلب پرامن پاکستان ہے: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان کا مطلب پرامن پاکستان ہے، ہم افغان امن عمل کی ہمیشہ حمایت کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پیر کے روز کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں افغان امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے بامقصد مذاکرات پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔