بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 14ہزار افراد کا چالان
سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بغیر ہیلمٹ کے ڈرائیونگ کرنے پر گزشتہ ماہ 14 ہزار 202 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہر کے تمام سیکٹروں میں شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کئے اور باقاعدہ انہیں ہیلمٹ کے استعمال کے فوائد اور نقصانات بارے آگاہی دی بعد ازاں ٹریفک عملے نے ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 14ہزار 202موٹر سائیکل سواروں کو چالان کیا۔
واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے ہیلمٹ سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر لوگوں کی اکثریت نے استعمال شروع کردیا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں ہیلمٹ کے استعمال سے جانی نقصان سے بچا ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر سفر کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے کیونکہ موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ مکمل طور پر غیر محفوظ ہے اس پر سفر کرتے وقت شہری ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور اوور سپیڈنگ سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے ہیڈ انجری سے بچا جا سکتا ہے شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکار شہریوں کو ہیلمٹ کے استعمال کا پابند بنائیں جبکہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے اور سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔