لکی، فائرنگ تبادلہ میں پولیس آفیسر شہید، 2 دہشت گرد مارے گئے
لکی مروت میں پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر پولیس اور مبینہ دہشت گردوں کے مابین فائرنگ تبادلے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد شاہ خان شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع لکی مروت میں پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر مبینہ دہشت گردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے پروبیشنل اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد شاہ خان شہید جبکہ ایلیٹ فورس کا کانسٹیبل انوار اللہ زخمی ہو گیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
ایس ایچ او نوید نواز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت تاحال نہیں ہوئی ہے، دونوں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے تھانہ ڈاڈیوالہ کی پولیس موبائل پر حملہ کیا جن کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی۔
بعد ازاں شہید پی اے ایس آئی محمد شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو آخری سلامی پیش کی۔
ڈی پی او لکی مروت عمران خان اور ایس پی انوسٹی گیشن شفیق خان نے شہید کی جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور شہید کے ایصال و ثواب کے لئے دعائیں کی گئیں۔
نماز جنازہ میں، ڈسٹرکٹ پولیس لکی مروت عمران خان، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اقبال مہمند، ڈی ایس پی نورنگ مراد خان، پولیس اور پاک فوج کے افسران اور جوانوں سمیت سماجی شخصیات معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
بعد ازاں شہید آفیسر کی جسد خاکی کو لواحقین کے حوالہ کیا گیاجسے آبائی علاقے گاوں کوٹکہ محمود کے قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ آج محکمہ انسداد دہشتگردی مردان ریجن نے ایک کارروائی کے دوران مبینہ دھشتگرد و اشتھاری انور خان عرف باچہ سکنہ باجوڑ حال چارسدہ کو گرفتار کیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کئی مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ مبینہ دہشتگرد کے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر تھی۔