صوابی میں کرکٹ، سرائے نورنگ میں موبائل فون ڈبے پر نوجوان قتل
خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں کرکٹ میچ کے دوروان زبانی تکرار پر جبکہ سرائے نورنگ میں موبائل فون کا ڈبہ تاخیر سے دینے پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔
زرائع کے مطابق سرائے نورنگ کے علاقے عیسک خیل میں موبائل ڈبے کے تنازعہ پر جوانسال لڑکے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے۔
لکی پولیس کے مطابق لیاقت اللہ ولد موسی خان نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے ہوئے پولیس کو بتایا کہ گذشتہ روز وہ رشتہ دار رحمت اللہ کے ہمراہ ذاتی دکان کے سامنے کھڑے تھے کہ اس دوران شفیق اور جاوید بامسلح آئے اور رحمت اللہ کو کہا کہ تم موبائل کا ڈبہ بروقت کیوں نہیں دیا جس پر دونوں بھائیوں نے رحمت اللہ پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں رحمت اللہ جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مدعی نے مزید بتایا کہ مبینہ ملزمان کے ساتھ کوئی دشمن ہے البتہ موبائل کا ڈبہ بروقت نہ دینے پر واقعہ رونما ہوا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
دوسری جانب ضلع صوابی کے علاقے موضع باچائی میں کرکٹ کے نوجوان کھلاڑی فہد حسین کو کرکٹ کھیلنے کے دوران زبانی تکرار پر اندھادھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
حاجی حسین سکنہ سید رسان بانڈہ باچائی نے تھانہ کالو خان میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے 17 سالہ بیٹے فہد حسین اور چچا زاد جہاد علی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ترکئی آئے تھے جہاں مسجد شیخان باچائی میں نماز عصر پڑھنے کے بعد موٹر سائیکل پر سوار ہو نے کے لئے آ رہے تھے، اس دوران حمزہ اور احتشام پسران شیر آفتاب ساکنان ناظم آباد باچائی نے آ کر ہم پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ان کا 17 سالہ بیٹا فہد حسین گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ وہ اور چچا زاد بھائی بال بال بچ گئے۔
وجہ عناد کچھ روز قبل کرکٹ کھیل میں مقتول فہد حسین اور ملزمان کے مابین زبانی تکرار تھی، کالو خان پولیس نے مقتول کے والدکی رپورٹ پر مبینہ ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔