گیس سلینڈر دھماکہ سمیت مختلف حادثات، 5 افراد جاں بحق 9 زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور نوشہرہ میں گیس سلینڈر دھماکے اور ٹریفک حادثات میں دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق زیارت کاکا صاحب کے گاؤں مناہی میں گیس سلنڈر دھماکہ سے جھلس جانے والی دو خواتین پشاور کے مقامی ہسپتال کے برن یونٹ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔
ہسپتال اور گاؤں کے مقامی زرائع نے تصدیق کی کہ گزشتہ ہفتہ گیس سلنڈر دھماکہ میں تین زخمیوں میں دو شدید جھلس جانے والی خواتین مسماۃ لیاقت بی بی زوجہ دولت خان اور مسماۃ اجمینہ بی بی زوجہ علی اکبر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔
ہسپتال زرائع کے مطابق بدقسمت خاندان کے سربراہ اکبر علی کی حالت خطرے سے باہر ہے جسے چند ہفتوں میں ہسپتال کے برن یونٹ سے فارغ کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سلنڈر دھماکہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سے رپورٹ طلب کی ہے تاکہ متاثرین کی مالی امداد کی جا سکے۔
اسی طرح نوشہرہ ہی میں چارسدہ روڈ پر رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان المناک تصادم میں ایک مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ خاتون سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق رکشہ چارسدہ سے نوشہرہ کی جانب آ رہا تھا، تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر رکشہ سے جا ٹکرائی، ٹرالی ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی سمیت فرار، تھانہ نوشہرہ کلاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دوسری جانب جمرود غاڑیزہ موڑ کے قریب ٹوڈی موٹرکار اور کیری ڈبہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین کے مطابق ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔
اسی طرح ضلع خیبر ہی کی تحصیل باڑہ میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق باڑہ بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قبیلہ شلوبر سے تعلق رکھنے والے شخص کو قتل کر دیا، مقتول کی شناخت سید قیوم ولد سید بخت نور کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب باڑہ ہی کے علاقہ شلوبر دو موٹر سائیکلوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں ایک جوان جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق باڑہ کے نواحی شلوبر کے علاقہ قاضی آباد چوک میں گزشتہ رات دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے موٹر سائیکلوں پر سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں سے احسان اللہ نامی نوجوان شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ امان اللّٰہ ولد صالح حق اور مبین کو طبعی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق نوجوان اور زخمیوں کا تعلق قبیلہ شلوبر سے بتایا جاتا ہے۔