کورونا کی وجہ سے مزید پابندیاں لگانی پڑیں گی: سربراہ این سی او سی
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کورونا کی وجہ سے صورتحال سنگین ہے مزید پابندیاں لگاناپڑیں گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے ملک میں کورونا صورتحال سے متعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ڈبل ہوگئی ہے، عوام کو ذمہ داری کیساتھ ایس اوپیز پر عملدرآمدکرناچاہیے۔
اسدعمر کاکہنا تھا کہ 600سے زائد مریض روزانہ ہسپتال پہنچتے ہیں ،ہسپتال پہنچنے والے چند مریضوں کو آکسیجن لگاناپڑتاہے، ہسپتالوں میں 4500 سے زائد مریض اسوقت آکسیجن کا استعمال کر رہے ہیں۔
این سی اوسی کے سربراہ نے مزید کہا ہے کہ کورونا کے مثبت کیسز کے باعث ہسپتالوں میں دباؤ بڑھ رہاہے، رواں ہفتے میں کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئیں ہیں۔
ان کاکہنا تھاکہ کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بڑے شہروں میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ہورہی ہے، سندھ میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے۔
ہمسائے ممالک کے حوالے سے اسد عمر نے بتایا کہ ایران میں کل 25ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ایران میں کورونا سے کل 395اموات ہوئی ہیں ،اسی طرح بھارت میں کوروناکی وجہ سے ایران سے زیادہ خطرناک صورتحال ہے، کل بھارت میں پونے تین لاکھ کیسز ایک دن میں رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کوروناکی وجہ سے صورتحال سنگین ہے، انتہائی سنجیدگی کی ضرورت ہے، این سی اوسی کو ملک میں مزید بندشیں بڑھانی پڑیں گے، این سی اوسی نے تجاویز شیئر کی ہیں ،جمعہ کو اعلان کیا جائے گا۔
اسد عمر کاکہنا تھا کہ بڑے شہر ابھی بند نہیں کررہے مگر چند دن کامارجن رہ گیاہے، اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں بڑا قدم نہ اٹھاناپڑیں، وفاق صوبوں سے مکمل تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، جو تشویشناک صورتحال چل رہی ہے اس میں مزید پابندیاں لگاناپڑیں گی۔