نوشہرہ: وزیراعظم نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیر اعظم عمران خان نے نوشہرہ میں جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر نوشہرہ پہنچے جہاں انہوں نے جلوزئی میں ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ سستے فلیٹس کا منصوبہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ہو گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو معاشرہ کمزور طبقہ کا دھیان نہیں رکھ سکتا وہ اوپر نہیں گیا، جلوزئی میں منصوبے سے کم آمدنی والے طبقے کو گھر میسر آسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کا مطلب ہوتا ہے طاقتور کو قانون کے نیچے لانا اور بنانا ری پبلک میں طاقتور کیلئے الگ قانون ہوتا ہے لیکن پاکستان میں لوگوں کو قانون کی بالادستی کی سمجھ نہیں آ رہی اور طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کبھی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جیسے اتحاد بنائے جاتے ہیں تو کبھی شوگر مافیا لوگوں کو مہنگی چینی بیچتی ہے۔ ٹیکس نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور اور طاقتور کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔ شوگرمافیا کے خلاف کچھ کریں توہ وہ بھی کہتے ہیں ہم خاص لوگ ہیں ،شوگرمافیا مہنگی چینی بیچ کر منافع کما رہی ہے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی ہیں۔ معاون اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیراعظم خیبرٹیچنگ ہسپتال پشاور میں نئے او پی ڈی بلاک کا افتتاح بھی کریں گے۔ وزیراعظم پشاور میں درہ آدم خیل روڈ کا افتتاح بھی کریں گے۔