نوشہرہ میں شوہر نے ناراض بيوی کو قتل کردیا، مردان میں باپ بیٹا قتل
نوشہرہ کلاں میں شوہر نے ناراض بیوی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ آسیہ شوہر ملزم اورنگزیب کی ظلم زیادتی سے تنگ آکر والد کے گھر میکے آگئی تھی۔مقتولہ آسیہ کے والد مدعی مقدمہ احمد گل کے مطابق آسیہ کو منانے کے لیے اس کا شوہر اورنگزیب اور اس کا بھائی صدام پسران جاوید ان کے گھر آئے آسیہ نے جانے سے انکار کردیا جس پر اس کا شوہر اورنگزیب مشتعل ہو گیا پستول نکالی اور اندھا دھن فائرنگ کرکے آسیہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولہ کی نعش والد کے حوالے کردی گئی۔تھانہ نوشہرہ کلاں میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سوات کے علاقے کوکڑی میں بھی خاوند نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو آشنا سمیت قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نادر خان نے اپنی بیوی مسماة (ا) اور لیاقت نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ سیدو شریف پولیس نے ملزم نادر خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری جانب مستورات کے تنازعہ پر مردان شہباز گڑھی کے علاقہ بائیزو پل محمد آباد میں باپ بیٹے کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس تھانہ شہبازگڑھی کے مطابق محمد ندیم ولد نادر خان نے پولیس کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس کے بہنوئی عنایت ولد سید عمر نے ان کے دروازے پر آکر گالم گلوچ کی جس پر ہم باہر نکلے تو اس نے اپنے گھر جاکر دروازہ اندر سے بند کردیا اس دوران میرے باپ نے ہمیں گھر واپس جانے کا کہہ کر خود گلہ کرنے ان کے گھر جانے لگا تو میرا بھائی بھی پیچھے چل دیا تاہم اس موقع پر عنایت اور اس کے بھائیوں سعادت اور احسان نے گھر سے نکل کر ہم پر فائرنگ کی جس سے میرا باپ نادر خان اور بھائی فاروق لگ کر موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان دوہرے قتل کی واردات کے بعد فرار ہوگئے ملزمان کیساتھ وجہ عناد مستورات کا تنازعہ ہے ” پولیس تھانہ شہباز گڑھی کے عملے نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
اسی طرح لوئر دیر تالاش کے گاوں احمد گلی میں مبینہ طور رقم کی لین دین پرایک شخص کی فائرنگ سے بیٹا جان بحق باپ شدید زخمی ہوگیا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لئے گھر کی چھت پر مورچہ زن ہوکر پولیس پر فائرنگ کی، چار گھنٹے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا مشتعل عوام نے ملزم کے گھر کو نذر اتش کر دیا پولیس کی جانب سے عوام کو منتشر کرنے کے لئے انسو گیس او ر لاٹھی چارج بھی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لوئر دیر کے علاقہ تالاش کے گاوں احمد گلی میں مبینہ طور رقم کی لین دین پر ایک شخص شعیب ولد ابوالحسن نے فائرنگ کرکے 25سالہ نوجوان سیف اللہ کو قتل جبکہ ان کے والد سلطان زیب کو زخمی کر دیا اطلاع ملنے پر تا لاش پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزم کے گھر کو چاروں طرف سے گھیر لیا تاہم ملزم نے گھر کی چھت پر مورچہ سنبھال کر پولیس پر 4گھنٹے تک فائرنگ کرتے رہے جس کی وجہ سے ملزم کی گرفتاری پولیس کے لئے چیلنج بن گئی تھی۔
ایس پی انوسٹی گیشن اور ڈی ایس پی فاروق جان کی کوششوں اور جد وجہد کے بعد چار گھنٹے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا بعد میں مبینہ طورمشتعل عوام نے ملزم کے گھر کو اگ لگا دی پیپلز پارٹی لوئر دیر کے رہنما شیر محمد خان نے پولیس کی ناقص کا رکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس وقوعہ کے کافی دیر بعد موقع پر پہنچ گئی اور چار گھنٹے تک ایک ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔