طوفانی ہوائیں، مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق
صوبائی دارالحکومت پشاور میں طوفانی ہوائوں کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 2 کمسن بہنیں اور ان کی رشتہ دار خاتون شامل ہے جبکہ زخمیوں ایک شخص کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق دورہ روڈ پر اچینی کے قریب تیز ہوائوں کے باعث کچے مکان کی چھت منہدم ہونے اور اس کے نتیجہ میں متعدد افراد کے نیچے دبنے کی اطلاع پر فوری طو رپر امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا جنہوں نے ریسکیو آپریشن کے دوران 3 افراد کو مردہ جبکہ 5 کو زخمی حالت میں نکال کر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچیاں اور ایک معمر خاتون شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 5 سالہ سنہرہ، 6 سالہ رابعہ، 60 خدیجہ کے ناموں سے جبکہ زخمیوں کی شناخت 60 سالہ سید مرجان، 40 سالہ منگل خان، 50 سالہ مریم، 55 سالہ خاتون بی بی اور شیر زمان کے ناموں سے ہوئی ہے جن میں سید مرجان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دریں اثناء وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔