خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے 6 ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا

وزیراعلیٰ ہاؤس خیبر پختونخوا کے 6 ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے سی ایم ہاؤس اور دفتر کے ملازمین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے تمام ملازمین کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ محمود خان نے معمول کی سرگرمیاں محدود کر دیں جب کہ وزیراعلیٰ سے منتخب عوامی نمائندوں کی ملاقاتیں بھی محدود کر دی گئی ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ معمول کے سرکاری اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے کیے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے مزید کہا کہ کورونا وباء کی شدت میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ماسک استعمال کریں۔

خیال رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 98 اموات اور 4 ہزار 974 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر کے دوران پاکستان میں مثبت کیسزکی شرح 9.93 فیصد ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران کان کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button