بونیر: پولیس ٹریننگ سنٹر کے 12 اہلکاروں کورونا وائرس کی تصدیق
ضلع بونیر میں پولیس ٹریننگ کیلئے موجود باجوڑ پولیس کے12 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، مذکورہ اہلکاروں کو باجوڑ واپس بلاکر اپنے گھروں میں کورنٹائن کرلیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بونیر علاقہ ڈگر میں باجوڑ لیویز فورس کے 150اہلکار جوکہ اب پولیس میں ضم ہونے کے بعد پولیس فورس کی ٹریننگ حاصل کررہے ہیں، ان میں سے 12اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہیں۔
ڈی پی او باجوڑ کے مطابق تمام اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جن میں سے 12 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ مذکورہ 12 اہلکاروں کو واپس باجوڑ بلاکر اپنے گھروں میں کورنٹائن کرلیاگیا ہے۔ دریں اثناء ٹریننگ میں موجود اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم نے بار بار اعلیٰ حکام کو درخواست کی کہ ہمارے ساتھیوں کا علاج کیاجائے لیکن بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کیوجہ سے کورونا وائرس پھیل گیا اور ہمارے کئی ساتھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے۔ ایک ہی کمرے میں 6 اہلکار رہتے ہیں جس کیوجہ سے مزید کیسز آنے کا خدشہ ہیں۔
ٹریننگ میں موجود پولیس اہکاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار ڈی پی او ڈگر اور ڈی سی بونیر سے رابطہ کیا ہے کہ انکو بہت تکلف ہے ان سب کے کورونا ٹیسٹ کئے جائے لیکن اب تک وہ کرونا ٹیسٹوں اور علاج معالجہ سے محروم ہیں۔