خیبر پختونخوا کاروبار کیلئے محفوظ اور پرکشش صوبہ ہے۔ تیمور جھگڑا
صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ہر قسم کے کاروبار کیلئے محفوظ اور پرکشش صوبہ ہے اور یہاں کوئی بھی سرمایہ کار بلاخوف سرمایہ کر سکتا ہے ۔
خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں قائم ملک کے پہلے سرکاری بی پی اور فیسلیٹی ‘ ورک آراؤنڈ’ دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ کسی بھی میدان میں صوبہ و ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی کمپنیاں خیبر پختونخوا کا رخ کر رہی ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ہمایوں خان، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمود، ڈائریکٹر فائنانس محمد منعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر عمران خان اور پراجیکٹ منیجر ڈیجیٹل جابز ان خیبر پختونخوا محمد بلال بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر علی محمود نے صوبائی وزیر کو ”ورک آراؤنڈ“ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے ”ورک آراؤنڈ“ میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس 350 سیٹوں پر مشتمل اس فیسیلیٹی میں اس وقت چار کمپنیاں روزگار کر رہی ہیں جن کو آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر علی محمود نے صوبائی وزیر ”ورک آراؤنڈ“ منصوبے کی توسیع کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے، اس شعبے کو ترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے ”ورک آراؤنڈ“ منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے اس فیسیلیٹی کو نوجوانوں کے روزگار کے لئے ایک بہترین منصوبہ قرار دیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ایفینٹی کمپنی کے سربراہ ضیاء چشتی نے دورہ پشاور کے دوران خیبر پختونخوا میں ذیلی دفتر کھولنے کا عندیہ دیا تھا جس سے سینکڑوں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
انہوں نے تمام بی پی او کمپنیوں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لئے بہترین جگہ ہے، بی پی انڈسٹری میں کسی بھی کمپنی کو خیبر پختونخوا میں قابل اور باصلاحیت افرادی قوت مل سکتی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی بورڈ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی سربراہی میں صوبے کو آئی ٹی کے ہب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔