کورونا کی تیسری لہر، خیبرپختونخوا میں سیاحت کیلئے نئے ایس او پیز جاری
کورورنا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں سیاحت کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام سیاحتی مقامات پر موجود ہوٹلز و دیگر قیام گاہوں پر سیاحوں کے ٹہرنے کیلئے خصوصی ایس اوپیز وضع کر دی گئی ہیں تاکہ تیسری لہر سے ہر ممکن سطح پر بچا جا سکے۔ تمام ہوٹلز و ریسٹورنٹس مالکان نمایاں مقام پر کورونا وائرسے بچنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اپنے کے حوالے سے ہدایات آویزاں کرینگے اور سیاحت کیلئے آنے والے سیاحوں کاتمام انٹری پوائنٹس پر بخار چیک کیاجائے گا جبکہ ہوٹل انتظامیہکو تمام سیاحوں کا ڈیٹا رکھنا لازمی ہوگا۔
دستاویزات کے مطابق کورونا وائرس کے شبہ یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سیاح کو جلد ہی قریبی ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرنا ہوگا جس کے بعد بیمار سیاحوں کو صحت مند سیاحوں سے الگ رکھنا ضروری ہوگا تاہم اس کے علاوہ جگہ جگہ بینرز اور کورونا سے آگاہی کے پمفلٹس تقسیم کئے جائینگے جس میں سماجی فاصلہ، صابن سے بار بار ہاتھوں کو دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور رش کم سے کم رکھنا ہوگا جبکہ ان تمام ایس او پیز کیساتھ سیاحوں کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس آنے اور جانے کے اوقات مقرر کئے جائینگے۔
اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ہوٹلوں میں کمروں کو ڈس انفیکٹ کرنالازمی ہوگا اور ہوٹلز، ریسٹورنٹس کے عملے کو کورونا سے بچنے کیلئے یونیفارم روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کرنا ہوگا جبکہ یونیفارم کو باقاعدگی سے سینیٹائز کیا جائے گا، تمام عملہ یونیفارم کیساتھ ساتھ ماسک اور دستانوں کو بھی یونیفارم کا حصہ تصور کریگا،اگر عملے میں کسی ملازم کو بخاریا کھانسی ہوتو اسے علیحدہ کرنا ہوگا اور تاکہ عملہ بروقت محفوظ رہ سکے ،ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے تمام عملے کو ضروری تربیت بھی حاصل کرنا ہوگی۔ تمام سیاحتی مقامات پر ضلعی انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق ٹورآپریٹرز، ٹورگائیڈ اور ٹریول ایجنٹ بھی سیاحتی مقامات کیلئے پلان ترتیب دینے سے پہلے کورونا ایس اوپیزکے حوالے سے تمام سیاحوں کو آگاہ کرینگے۔ سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے استعمال ہونے والی گاڑی کو سفرشروع کرنے سے قبل ڈس انفیکٹ کرنالازمی ہوگا۔
محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ثقافتی مقامات اور عجائب گھروں کی سیر پر جانے کیلئے بھی سیاحوں کو کورونا سے بچنے کیلئے وضع کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمدکو ممکن بنانا ہوگا۔ دستاویزات کے مطابق سیاحتی مقامات پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے اور مانیٹرنگ کے ذمہ دارہونگے۔