”بونس دیا نا 3 ماہ کی تنخواہ، موبائل کمپنی نے بغیر نوٹس کے نکال دیا ”
ضلع خیبر، باڑہ نجی موبائل کمپنی (Q Mobiles) سے 91 ملازمین کو بغیر نوٹس کے نکال دیا گیا، تین مہینوں کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں جبکہ نان لوکل ملازمین کو ترجیح دی جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار باڑہ پریس کلب میں کیو (Q) موبائل کمپنی سے نکالے گئے طاہر، وقاص، فیاض اور دیگر ملازمین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی نے اشتہار کے ذریعے ایگریمنٹ کے بعد مزدوروں کو ہائر کیا، ہم نے بھی کام شروع کیا، کچھ وقت کے بعد کمپنی نے ہمیں یہ کہتے ہوئے فارع کر دیا کہ کمپنی خسارے میں جا رہی ہے لیکن کچھ وقت بعد دوبارہ کال کے ذریعے فارع مزدوروں کو بلا کر بحال کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کے ساتھ کچھ مہینے کام کرنے کے بعد بغیر کسی وجہ کے گزشتہ روز کمپنی سے بغیر تنخواہیں دیئے ہمیں پھر فارغ کر دیا گیا، ”ہماری تین مہینے کی تنخواہیں اور بونس باقی ہے، ہم نے ایم پی اے شفیق آفریدی کے سیکرٹری سے رابطہ کیا اور اے سی باڑہ سے بھی رابطہ کیا لیکن ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔’
برطرف ملازمین نے کہا کہ کمپنی لیبر قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، ان کے ساتھ ہمارے واجبات ہیں، حکومت کمپنی کے خلاف ایکشن لے جبکہ ہمارے واجبات بھی ادا کروائے جائیں۔