باجوڑ، لشمینیا سے متاثرہ علاقے میں سپرے، آگاہی سیشن کا انعقاد
چارمنگ سیدا شاہ سے لشمینیا کے بڑھتے ہوئے کیسز رپورٹ ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ھیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان نے ڈسٹرکٹ کوارڈینٹر ملیریا پروگرام باجوڑ انور نگار کو صورتحال معلوم کرنے اور ضروری اقدامات اٹھانے کی ٹاسک سونپی جس پر انور نگار نے ٹیم کے ہمراہ مذکورہ گاؤں کا وزٹ کیا۔
دوران وزٹ معلوم ہوا کہ متاثرہ بچوں میں چند کے علاوہ باقی سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں لشمینیا پروگرام کے رجسٹرڈ ہیں اور ان کا باقاعدہ علاج ہو رہا ہے جبکہ کچھ مشکوک مریضوں کو فوری طور پر سکن فزیشن سے معائنہ کےلئے ہسپتال بلایا گیا۔
متاثرہ گھروں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر جراثیم کش سپرے کی گئی جبکہ عوامی آگاہی کے لئے جامعہ مسجد فتاؤ غاڑہ سیدا شاہ میں ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جہاں پر شرکاء کو لشمینیا کی وبا سے نمٹنے کے لئے بریفنگ دی گئی اور ان سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی استدعا کی گئی۔
واضح رہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ سیدا شاہ میں لشمینیا سے درجنوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق لشمینیا نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ہے اس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اب تک لگ بھگ 140 کے قریب لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
اہلیان علاقہ نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا تھا کہ متاثرہ علاقے میں میڈیکل ٹیمیں بھیجی جائے اور بروقت ان کا علاج کیا جائے۔