کھیل

پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2021: کرکٹ ٹرافی خیبر ستوری کرکٹ کلب کے نام

ضلع خیبر کی تحصیل لنڈیکوتل میں جاری پاکستان سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل خیبر ستوری کرکٹ کلب نے جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق تاتارہ سپورٹس گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل میں خیبر نیکی خیل کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 16 اورز میں 81 رنز بنائے، جواب میں خیبر ستوری کرکٹ کلب نے آسانی سے 2 وکٹ کے نقصان پر مذکورہ ہدف پورا کر کے ٹرافی اپنے نام کر لی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ایف سی 101 ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل ابرار کے علاوہ ممتاز قبائلی رہنماء ملک دریا خان آفریدی بھی موجود تھے۔

تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی 101ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل ابرار نے کہا کہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں امن کی نشانی ہے، علاقے میں پاک فوج، مشران اور عوام کی قربانیوں کی وجہ سے امن قائم اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہوں نے ہمیشہ کھیل کے میدان میں ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے جس کی زندہ مثال اسی گراؤنڈ اور علاقے سے کھیلنے والا پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہر موقع پر ٹیم میں بہتر کارکردگی دکھائی جو کہ پورے ملک اور قوم کے لئے فخر کا مقام ہے۔

مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل ابرار نے ونر ٹیم کے لئے 25 ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کے لئے 15 ہزار روپے نقد کا اعلان کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button