کھیل

پی ایس ایل: چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کامیابی حاصل کرلی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور قلندرز نے 179 رنز کا ہدف  19 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کوئٹہ کی اننگز کا آغاز  اچھا نہ رہا اور اس کے اوپنر ٹام بینٹن دوسرے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد دوسرے اوپنر صائم ایوب بھی اگلے ہی اوور میں 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز اور کرس گیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن فراہم کردی۔ سرفراز احمد 14 ویں اوور میں 113 کے مجموعی اسکور پر 40رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ کرس گیل 68 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے بعد کوئٹہ کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اعظم خان اور بین کٹنگ تھے جنہوں نے بالترتیب 13 اور 5 رنز بنائے جب کہ محمد نواز نے 3 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث روؤف نے 3 جب کہ شاہن آفریدی، راشد خان اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔

قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور کپتان سہیل اختر نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ان کے بعد محمد حفیظ نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 115 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح دلوادی۔

فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 52 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ محمد حفیظ نے بھی 6 چھکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے واحد وکٹ زاہد محمود نے حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button