کھیل

پی ایس ایل سکس: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپرلیگ سیزن 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے  پی ایس ایل 6کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے،جواب میں  اسلام آباد نے 20 ویں اوور میں 151 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ملتان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر کرس لین دوسرے ہی اوور میں 1  رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار ہوگئے۔ ان کے بعد جیمز وِنس اور کپتان رضوان نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاہم جیمس ونس 52 کے مجموعی سکور پر 16 رنز بنا کر لوئس گریگوری کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد سلطانز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، روسو کے سوا، صہیب مقصود، اور خوشدل شاہ قابل ذکر کارکردگی دکھائے بغیر پویلین لوٹ گئے، تینوں نے بالترتیب  25 ،2 اور 7 رنز بنائے۔ اس دوران محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ، انہوں نے 53 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی اور 140 کے مجموعی اسکور پر محمد وسیم کا شکار بنے۔

ان کے بعد شاہد آفریدی کو بھی محمد وسیم نے پہلی ہی گیند پر آؤٹ کردیا، جب کہ سہیل تنویر بھی 4 رنز بنا کر حسن علی کی  گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اسلام آباد کی جانب سے محمد وسیم نے 3، لوئس گریگوری نے 2 اور حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد نے محتاط انداز میں آغاز کیا، اس کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے جو 13 رنز بنا کر  30 کے مجموعی اسکور پر  محمد عمر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے طبعد جلد ہی کپتان شاداب خان بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے صرف 5 رنز بنائے، ایلکس ہیلز اچھا کھیل رہے تھے تاہم انہیں شاہد آفریدی نے 29 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔

ان کے بعد اسلام آباد کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، آصف علی، افتخار احمد، حسین طلعت اور فہم اشرف  نے بالترتیب  نو، ایک ،دس اور 22 رنز بنائے۔ اس موقع پر  لوئس گریگوری نے شاندار اننگز کھیلی اور 31 گیندوں پر 49 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوادی اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سےکارلوس بریتھ ویٹ اور شاہد آفریدی نے 2،2 اور محمد عمر اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button