قومی

مسلم لیگ ن کے رہنماء سینیٹر مشاہد اللہ خان انتقال کر گئے

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔

سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے مشاہد اللہ خان کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ مشاہد اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے۔

سینیٹر مشاہد اللہ کے بیٹے ڈاکٹر افنان کے مطابق ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر اسلام آباد کے سیکٹر الیون ایچ میں ادا کر دی گئی اور وہیں پیوند خاک ہوئے۔

مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔

مشاہد اللہ خان نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورڈون کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر اردو لاء کالج کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مشاہداللہ خان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ سینیٹر مشاہداللہ خان کے انتقال کی خبر سن کر ان کو دھچکا لگا، ان کا انتقال مسلم لیگ ن کے لیے بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مشاہداللہ خان کے خلوص اور والد جیسی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گی۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر افسوس اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button