بلوچستان: دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی اہلکار شہید
بلوچستان میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگروں کے حملے میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق گزشتہ شب ضلع کیچ میں ہوشاپ کے قریب سیکورٹی کے لئے قائم ایف سی بلوچستان کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی اسد مہدی شہید ہوگئے ۔
بیان کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان ، کوئلہ فلیڈ میں فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ شب جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان گزشتہ کئی برسوں سے بد امنی کا شکار ہے اور یہاں سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے اور مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، صوبے میں شورش کے پسِ پردہ ملک دشمن عناصر کے ملوث ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل 27 دسمبر کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 جوان شہید ہوگئے تھے