افغانستان، ہرات میں گیس ٹینکر پھٹنے سے 100 سے زائد ٹینکر تباہ، 60 افراد زخمی
افغانستان میں گیس ٹینکر پھٹنے سے 100 سے زائد ٹینکر تباہ ہو گئے۔
ترجمان گورنر ہرات نے گزشتہ روز ہونے والے گیس ٹینکر کے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے بھاری نقصان ہوا۔
گورنر ہرات کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے 100 سے زائد ٹینکر تباہ ہوئے اور 60 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ادھر سربراہ ہرات چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ ٹینکر پھٹنے سے لگنے والی آگ سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ٹینکر پھٹنے سے لگی آگ سے ایران سے آنے والی 132 کلو واٹ پاور ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔
خیال رہے کہ ٹینکر ایرانی بارڈر کے قریب ہرات کے علاقے اسلام قلعہ کی کسٹمز پوسٹ پر دھماکے سے پھٹ گیا تھا.افغان حکام کا کہنا ہے کہ گیس ٹینکر پھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز افغانستان میں 3 مختلف واقعات میں پولیس گاڑیوں کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کمانڈر سمیت 5 اہلکار جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہو گئے۔