پلانٹ فار پاکستان کے تحت باجوڑ میں شجرکاری مہم کا آغاز
باجوڑ میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
ضلع باجوڑ میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کے سلسلہ میں ہیڈکواٹر ہسپتال خار میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) زمین خان مومند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سہیل عزیز، اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی حبیب اللہ وزیر، ڈی ایف او انعام اللہ داوڑ، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر وزیر خان صافی نے بھی پودے لگائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ علاقہ میں زیادہ سے زیادہ جنگلات کو اپنا ہدف بنائیں تاکہ موسمیاتی تبدیلوں کے نقصانات کو کم کیا جا سکے ”ہم نے رواں سال باجوڑ میں چالیس لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا جس میں 24 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ باقی مزید 16 لاکھ پوداجات کی شجرکاری کا عمل بھی رواں سال جون تک مکمل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع باجوڑ میں جنگلات کے فروغ اور افادیت پر زور دیتے ہوئے مقامی لوگوں کے جذبہ کو سراہا۔
ڈی سی فیاض شیرپاؤ نے کہا کہ ملک میں ماحولیاتی یا موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کا واحد طریقہ اور ذریعہ یہی ہے کہ ہم اپنے آس پاس زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور علاقے کو سرسبز و شاداب بنائیں تاکہ ہم بہتر طریقے سے زندگی بسر کر سکیں اور مستقبل میں ہمیں پانی اور درختوں کے کمی کا سامنا نہ ہو۔
دوسری جانب نوشہرہ میں بھی شجر کاری مہم زور و شور سے جاری ہے جہاں اسسٹنٹ کمشنر پبی ثانیہ صافی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پبی اور باچا خان سکول کے پرنسپل کے ہمراہ پودے لگائے۔
"پلانٹ فار پاکستان "کے تحت پودا لگا کر اسسٹنٹ کمشنر نے شجر کاری مہم کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا جس میں مجموعی طور پر 1500 پودے لگائے جائیں گے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہا ہے کہ پلانٹ فار پاکستان کا پیغام ہے کہ ایک پودا اپنی آنے والی نسلوں کے لیے لگانا ہے اور ملک کو سرسبز بنانا ہے۔