کھیل

پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو ہرا دیا

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 166 رنز بنا سکی۔ اس سے قبل اپنی اننگز کے آغاز میں قومی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے۔

بابر کے بعد قومی ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو کہ 37 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں  فیلکوایو نے آؤٹ کیا۔ نئے آنے والے بلے باز حسین طلعت بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹہر سکے اور 69 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر  تبریز شمسی کا شکار ہوگئے۔

پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو کہ صرف 4 رنز بنا کر  فورٹیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، خوشدل شاہ  اور فہم اشرف بھی زیادہ دیر رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور جلد ہی  پویلین لوٹ گئے۔ اس دوران وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھتے ہوئے7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنی پہلی ٹوئنٹی سنچری مکمل کی، وہ احمد شہزادکے بعد تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔

رضوان نے 64 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے  فیلکوایو نے 2، اور  فورٹیون،تبریز شمسی اور لوتھو نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنرز نے مستحکم آغاز  فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جینیمین ملان تھے جنہیں 44 کے انفرادی اسکور پر عثمان قادر نے بولڈ کردیا۔ اس دوران پروٹیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم ریزا ہینڈرکس وکٹ پر جمے رہے، انہوں نے 54 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

ان کے علاوہ دیگر جنوبی افریقی بلے بازوں میں کوئی نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکا، آخری اوورز میں فورٹیون اور ڈوئن پریٹورس نے خطرناک حد تک عمدہ بیٹنگ کی اور میچ کو فتح کے قریب تک لے گئے تاہم کامیاب نہ ہوسکے، دونوں نے بالترتیب 17 اور 15 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤوف اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بلے بازی پر پاکستان کے محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button