‘الزامات کی وجہ سے تباہ شدہ گھروں کا سروے تاخیر کا شکار ہو رہا ہے’
‘ضلع خیبر قبیلہ ملک دین خیل میں تباہ شدہ گھروں کا سروے شفاف طریقے سے جاری ہے، تاہم کچھ لوگوں کے الزامات سے سروے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس سے غریب عوام متاثر ہورہے ہیں اور سروے نظام مزید تاخیر کا شکار ہو رہا ہے’
ان خیالات کا اظہار باڑہ پریس کلب میں قبیلہ ملک دین خیل سے تعلق رکھنے مشر شیران گل آفریدی نے دیگر ساتھیوں سمیت پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سلمان آفریدی، ڈاکٹر عبدالوہاب آفریدی، اشفاق آفریدی، خان سید، اول بادشاہ، حاجی فقیر، تاج نواب اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ قبیلہ ملک دین خیل میں جاری تباہ شدہ گھروں کے سروے سے ہم مطمئن ہے جبکہ کچھ لوگ اپنے مفاد کی خاطر اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ ہمیں بالکل نامنظور ہے۔
ڈاکٹر عبدالوہاب آفریدی نے کہا کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں ہم خود ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ بصورت دیگر جو لوگ سروے میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تو قوم کے نقصان کا وہی لوگ ذمہ دار ہوں گے۔